دیوبند،12؍اگست(ایس او نیوز؍ایجنسی)تبلیغی جماعت کے تعلق سے جمعیت علماء ہند کے صدر مولاناسید ارشد مدنی نے کہا ہے کہ ہیلتھ منسٹری کی جانب سے بتائی گئی گائڈ لائن کو فالو کرتے ہوئے تبلیغی اعمال (مشورہ، گشت، عوامی ملاقات) اور ساتھ ہی انسانیت کی بنیاد پر خدمتِ خلق کو جاری رکھا جائے، بلکہ پہلے سے زیادہ مستحکم بنانے کی کوشش کی جائے۔ اگر فرقہ پرست طاقت مرکز پر تالا لگا کر تبلیغ کے کام میں رکاوٹ بننا چاہتی ہے تو عبادت اور تبلیغ کیلئے ہر مسجد بلکہ زمین کا ہر قطعہ (حصہ) مسجد اور مرکز ہے۔مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں پر لازم ہے کہ اللہ کے ہر کام کے لئے کورونا جیسی ہر رکاوٹ کو ٹھوکر مار کر ایک طرف کردے اور اپنے وجود کو مستحکم بنائے- انہوں نے اِس پر بھی زور دیا کہ وزارتِ صحت (ہیلتھ منسٹری) کی طرف سے دئے گئے اصول وضوابط اور گائڈ لائن کا بہر حال خیال رکھاجائے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ اگر کورونا کا یہ قہر اپنی تمام تباہ کاریوں کے باوجود اربابِ سیاست کو اپنے سیاسی مفادات کے حصول اور الیکشن کے پروپیگنڈے سے نہیں روک سکتا تو آخرت کی سرخروئی حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں کو مذہبی وتبلیغی اعمال سے کیسے روک سکتا ہے؟۔